Thursday, November 26, 2015
مرکز شہر میلبورن
ایک فکر کے
سلسلے کا کالم
کالم شمار دو
سو چھپن
نومبر بائیس،
دو ہزار پندرہ
مرکز شہر میلبورن
اگلا دن میلبورن کے نام تھا۔ پرانا میلبورن دریائے یارا کے
دونوں طرف جدید اور قدیم چھوٹی بڑی عمارتوں کا شہر ہے۔ دراصل مرکز شہر کی رونق ہی
دریائے یارا سے ہے جس کے دونوں کناروں پہ لوگ پیدل چل رہے ہوتے ہیں اور مختلف نوع
کے بازی گر لوگوں کو تماشہ دکھا کر مجمع اکھٹا کرتے ہیں۔ کچھ کچھ فاصلے پہ موجود
پل سیاحوں کو دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے جانے کا راستہ فراہم کرتے ہیں۔
انگریز اپنے جزیرے سے بحری جہاز سے نکلے اور جہاز کے ذریعے ہی دور دراز مقامات
تک پہنچے۔ چنانچہ انگریزوں کو ہر وہ جگہ پسند آئی جہاں مخصوص جغرافیے کی وجہ سے
بندرگاہ بنائی جا سکے اور جہاز سمندر کی طغیانی سے دور کھڑے کیے جا سکیں۔ بحری
جہاز کو لنگر انداز کرنے کی اسی کسوٹی پہ کراچی پہ پورا اترا، سڈنی بھی، اور
میلبورن بھی۔ اب ہم میلبورن بندرگاہ سمیت ان ہی علاقوں کو دیکھنے جا رہے تھے جہاں
انگریز کی آمد ہوئی تھی۔ مگر اپنے مسافر خانے سے میلبورن کے مرکز شہر جانے سے
پہلے ہمیں ایک اہم کام کرنا تھا۔ ہمیں نقد آسٹریلوی ڈالر حاصل کرنے تھے۔ آسٹریلیا
ان مہذب معاشروں میں ہے جہاں آدمی پہ بھروسہ کیا جاتا ہے۔ مالی لین دین میں مستقل
یہ وسوسہ نہیں رہتا کہ دوسرا آپ کو دھوکہ دے کر بھاگ جائے گا۔ قانون آپ کے ساتھ
ہے۔ قانون آپ کے ساتھ زیادتی کرنے والے کو ذرا سی دیر میں اپنی گرفت میں لے لے
گا۔ اور اسی وجہ سے آسٹریلیا میں ہرجگہ ہمارا کریڈٹ کارڈ چل رہا تھا اور ہمیں نقد
آسٹریلوی ڈالر جیب میں رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ مگر بعض جگہ کریڈٹ کارڈ کے
استعمال میں نقصان ہوتا تھا۔ یہ ایسی جگہیں تھیں جہاں نقد کے مقابلے میں کریڈٹ
کارڈ کے استعمال پہ اضافی محصول تھا۔ کم بجٹ مسافر ہونے کے ناتے ہمیں ایسے سودے
برے لگتے تھے اور اسی وجہ سے ہم اپنے ساتھ تھوڑی نقدی رکھنا چاہتے تھے۔ آسٹریلوی
ڈالر حاصل کرنے کی سعی دراصل چند روز سے جاری تھی۔ سڈنی میں رقم تبدیلی کے بارے
میں معلوم کیا تھا مگر نقد امریکی ڈالر سے نقد آسٹریلوی ڈالر کا سودا اچھا معلوم
نہ دیا تھا۔ کچھ تحقیق سے معلوم ہوا کہ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانا سب سے زیادہ
سودمند ہوگا۔ اس سلسلے میں اس بینک کی تلاش شروع ہوئی جو ہمارے امریکی بینک کا
آسٹریلیا میں ساتھی ہو تاکہ آسٹریلیا کا وہ بینک ہم سے اپنے ای ٹی ایم کے
استعمال کی اضافی رقم نہ اینٹھے۔ آج کے دور میں ہرقسم کی معلومات انٹرنیٹ کے
ذریعے حاصل ہوتی ہیں۔ مسافر خانے کا انٹرنیٹ کنکشن تیزرفتار تھا، ذرا سی دیر میں
مطلوبہ بینک کے بارے میں معلوم ہوگیا اور یہ بھی معلوم ہوگیا کہ اس بینک کی ایک اے
ٹی ایم اس مسافر خانے سے بہت زیادہ دور نہیں ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ بین الاقوامی
سفر کرنے والے اکثر مسافروں کو یہ سب باتیں اچھی طرح معلوم ہوں گی۔ اس کے باوجود
میں یہ سب کچھ اپنے ان احباب کے لیے لکھ رہا ہوں جو میرے اس طرح کے طویل سفر پہ
حیران ہوتے ہیں۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ بیرون ملک سفر بہت مہنگا سودا ہے۔ کم بجٹ
مسافر انہیں بتاتے ہیں کہ سفر ایک مہنگا سودا ان لوگوں کے لیے ہوتا ہے جو صرف ہفتے
بھر کے لیے کہیں جاتے ہیں؛ ایک جگہ سے دوسری جگہ اڑ کر پہنچتے ہیں، مہنگے ہوٹل میں
ٹہرتے ہیں، اور ہر کھانا باہر کھاتے ہیں۔ کم بجٹ مسافر ایسا نہیں کرتے۔ یہ مسافر اپنے
سفر کا ہر دن ایک مخصوص بجٹ کے اندر گزارتے ہیں اور اسی وجہ سے کم بجٹ مسافر ہر
خرچ سے پہلے خوب سوچتے ہیں۔ اور ایک سفر ہی کیا اگر زندگی ہی ایسے گزاری جائے کہ
ہر مالی فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا جائے تو شاید لوگ مشکلات میں نہ گھریں کہ
موجودہ دنیا میں اکثر مشکلات کی جڑ مالی وسائل اور ان کے موثر استعمال میں ہوتی ہے۔
میلبورن کے مرکز شہر میں کرائون نامی ایک جوا خانہ بڑی جگہ گھیرے ہوئے ہے۔
میلبورن میں رہنے والے ہمارے ساتھیوں نے مشورہ دیا تھا کہ ہم کرائون جوا خانے کے
گیراج میں گاڑی کھڑی کرنے کے بعد پیدل مرکز شہر کی سیر کریں۔ ہم نے ایسا ہی کیا
بلکہ اس سے ایک درجہ بہتر کام کیا۔ اور وہ یہ کر ہمیں جواخانے کے باہر روڈ پہ گاڑی
کھڑی کرنے کی جگہ مل گئی۔ اس طرح جواخانے کے گیراج میں گاڑی کھڑی کرنے کی فیس سے
بچت ہوئی۔ اب اگر میں آپ کو پیسے بچانے کے سارے قصے بتا ہی رہا ہوں تو یہ بھی بتا
دوں کہ اس روز دوپہر کا کھانا کیسے مفت کھایا گیا۔ کہتے ہیں کہ شکرخورے کو شکر
ملتی ہے۔ اسی طرح کم بجٹ مسافر کو بھی کفایت شعاری کے مواقع قدرت فراہم کرتی ہے۔ روڈ
کے ساتھ گاڑی کھڑی کر کے دریائے یارا کی طرف چلے تو راستے میں لوگوں کی ایک قطار
دیکھی اور دیکھا کہ جو قطار سے فارغ ہوتا ہے اس کے ہاتھ میں کھانے کے ایک پلیٹ
ہوتی ہے۔ ہم ٹھٹھکے۔ پوچھا کہ کیا قصہ ہے۔ معلوم ہوا کہ وہاں نئے اپارٹمنٹ بنے
ہیں۔ اگر آپ دفتر کے اندر جائیں، اپارٹمنٹ کے بارے میں بازپرس کریں، اور اپنا ای
میل ایڈریس اور ٹیلی فون نمبر دفتر والوں کو دیں تو آپ کو مفت کھانے کا کوپن ملے
گا۔ قطار میں کھڑے ہوں اور کوپن کی مدد سے مفت کھانا حاصل کریں۔ اس وقت تک صبح کا
ناشتہ پیٹ میں تھا اور اگلے کھانے کی کوئی گنجائش نہیں تھی مگر سوچا کہ کبھی تو
بھوک لگے گی، اس وقت تو کھانا پکڑو۔ چنانچہ دفتر کے اندر جا کر نئے اپارٹمنٹ کی
قیمت معلوم کی، کھانے کا کوپن حاصل کیا، اور پھرقطار میں لگ کر کھانا لیا۔
ہم صبح سے شام تک میلبورن میں پھرتے رہے۔ میلبورن کے مرکزی حصے میں تمام ٹرام
مفت چلتی ہیں۔ ایک ایسی ہی ٹرام میں سوار ہو کر پورے شہر کا چکر لگایا اور مشہور
زمانہ میلبورن کرکٹ گرائونڈ یعنی ایم سی جی کے قریب اترے۔ ٹرام اسٹیشن سے میلبورن
کرکٹ گرائونڈ کی طرف پیدل چلتے ہم نے ساتھ سڑک پہ دوڑتی گاڑیوں کو دیکھا اورسوچا
کہ ایم سی جی جاتے ہوئے ہمارے ملک کے کتنے ہی کھلاڑی اس راستے سے گزرے ہوں گے۔ ہم
نے میلبورن کرکٹ گرائونڈ کے اندر داخل ہوکر وہاں کی تصویریں اتاریں اور پھر باہر
آگئے۔ اس تاریخی اسٹیڈیم کے باہر مشہور آسٹریلوی بائولر شین وارن کا مجسمہ نصب
ہے اور مجسمے کے نیچے لگی تختی میں دعوی کیا گیا ہے کہ شین وارن نے لیگ اسپن کے
مردہ فن کو زندہ کیا۔ ہم اس بڑ کو پڑھ کر زیر لب مسکرائے۔ ہمارا خیال تھا کہ لیگ
اسپن تو کبھی مردہ فن نہ تھا۔ ہم اپنے عبدالقادر کو شین وارن سے بڑا لیگ اسپن کا
جادوگر مانتے ہیں۔ مگر ہمارے ماننے یا نہ ماننے سے کیا فرق پڑتا ہے۔ ہم اس وقت
آسٹریلیا میں تھے اور شین وارن ایک آسٹریلوی کھلاڑی ہے۔ میلبورن شین وارن کی مدح
سرائی میں جو کرے تھوڑا ہے۔
Labels: Abuld Qadir, Australia, bowling, Leg Spin, MCG, Melbourne, Melbourne Cricket Ground, Shane Warne
Thursday, November 12, 2015
میلبورن میں صبح
ایک فکر کے
سلسلے کا کالم
کالم شمار دو
سو چوون
نومبر
آٹھ، دو ہزار پندرہ
میلبورن میں صبح
میلبورن
جاگ چکا تھا۔ میلبورن کے علاقے بلیک برن میں واقع بلوبل بیڈ اینڈ بریک فاسٹ نامی
اس سرائے میں رات اچھی گزری تھی۔ صبح جب آنکھ کھلی تو سردی کا احساس ہوا۔ باہر
سورج چمک رہا تھا مگر موسم سرد تھا۔ رات کو دونوں کیمرے، ٹوتھ برش، اور لیپ ٹاپ
چارجر پہ لگا دیے تھے۔ ان تمام آلات کی بیٹری اس وقت تک چارج ہوچکی تھی۔
کمرے کے کرائے میں صبح کا ناشتہ شامل تھا۔ ناشتے کا وقت نو
بجے تک تھا اس لیے جلدی جلدی تیار ہو کر نو بجے سے پہلے ناشتے کی میز پہ پہنچ گیا۔
اس وقت تک اس گھر میں ٹہرنے والے دوسرے مہمان ناشتہ کر کے وہاں سے روانہ ہوچکے
تھے۔ مگر جولی وہاں موجود تھی۔ جولی اس گھر میں دیکھ بھال کا کام کرتی تھی۔ اس نے
مسکرا کر مجھے ناشتے پہ خوش آمدید کہا۔ اس کا لہجہ سن کر میں نے اس کے جغرافیائی
تعلق کے بارے میں رائے قائم کرنے کی کوشش کی۔ مگر جولی نے جلد میری مشکل حل کردی۔
وہ بہت باتونی تھی۔ اس نے ذرا سی دیر میں مجھے بتادیا کہ اس کا تعلق ہنگری سے تھا۔
جولی نے بتایا کہ جب سنہ ۵۶ میں ہنگری میں اس وقت کی حکومت کے خلاف بغاوت ہوئی تو
اس کی عمر تیرہ برس تھی۔ جولی کو اس شورش میں
اندازہ ہوگیا کہ اب ہنگری میں اس کا گزارا مشکل تھا۔ وہ سنہ ۷۸ میں
آسٹریلیا چلی آئی۔ آسٹریلیا کا انتخاب اس نے اس لیے کیا کیونکہ سنہ ۵۶ ہی میں
میلبورن میں اولمپکس ہوئے تھے اور اس طرح ہنگری میں رہتے ہوئے جولی آسٹریلیا سے
واقف ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا آنے کی ایک اور وجہ یہ تھی کہ دوسرے مغربی ممالک کے
مقابلے میں جولی کے لیے آسٹریلیا آنا آسان تھا۔
ایک دن پہلے میں نے اس سرائے کے مالک کے آخری نام پہ غور
کیا تھا۔ وہ نام یقینا مشرقی یورپ کا معلوم ہوتا تھا۔ میں نے جولی سے پوچھا کہ
آیا مالک مکان کا تعلق بھی ہنگری سے تھا۔ جولی نے اثبات میں جواب دیا مگر بتایا
کہ مالک مکان کی پیدائش یہیں آسٹریلیا کی تھی، وہ ہنگیرین سمجھ تو سکتا تھا مگر
بول نہیں سکتا تھا۔ جب کہ جولی اب تک اپنے پرانے ملک سے جڑی ہوئی تھی۔ جولی نے
بتایا کہ وہ صبح ہنگری کے ایک ٹی وی چینل کی خبریں دیکھ کر آئی تھی۔ وہ وہاں کے
حالات سے بہت زیادہ پرامید نہیں تھی۔ یہ تارکین وطن اپنی جائے پیدائش کو ترک کرنے
کے باوجود ایک ان دیکھی نال سے اس جغرافیے کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں، وہاں نہ رہتے
ہوئے بھی اس جگہ کے حالات سے آگہی رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، اور اپنی جنم بھومی
کی سیاسی ابتری اور معاشی زبوں حالی پہ دل
ہی دل میں کڑھتے رہتے ہیں۔
جولی کی عمر ستر سے اوپر تھی مگر وہ پھرتی سے کام کررہی
تھی۔ اس نے بتایا کہ اسے اس سرائے میں صبح صرف چند گھنٹے ہی کام کرنا ہوتا ہے، پھر
وہ اپنے گھر چلی جاتی ہے۔ اس کا گھر وہاں سے کچھ ہی فاصلے پہ تھا جہاں وہ پیدل چل
کر جاتی تھی۔
میں نے جب جولی کو بتایا کہ میری ہنگری سے خوش گوار یادیں
وابستہ ہیں تو وہ اس بات پہ بہت خوش ہوئی۔ تم بوداپست میں کہاں ٹہرے تھے؟ تم فلاں
جگہ گئے؟ تم نے فلاں ریستوراں سے کھانا کھایا؟ وہ اشتیاق سے سوال کرتی رہی اور میں
ذہن پہ بہت زور ڈال کر پرانی یادوں کو تازہ کرنے کی کوشش کرتا رہا۔
ہنگری سے میرا ایک رشتہ میرے بچپن سے وابستہ ہے۔ چچا مرحوم
اسرار حسن حبیب بینک میں زرمبادلہ ڈپارٹمنٹ میں کام کرتے تھے۔ ان کے پاس دنیا بھر
سے ڈاک آتی تھی۔ وہ ڈاک کے لفافوں سے ٹکٹ کاٹ کر میرے لیے لے آتے۔ میں ان ٹکٹوں
کو اپنی ٹکٹ البم میں ملکوں کے حساب سے سجاتا۔ ایک طرح کے ٹکٹوں پہ میگیار پوستا
لکھا ہوتا۔ مجھے پہلی دفعہ جب ایسا ٹکٹ ملا تو میں حیران ہوا کہ وہ کس ملک کا ٹکٹ
تھا؟ میں میگیار نامی کسی ملک سے واقف نہ تھا۔ آج انٹرنیٹ کے اس دور میں یہ کیا
ہوتا ہے، یہ صاحب کون ہیں، یہ شہر کہاں ہے، جیسے سوالات کسی شخص سے پوچھنا سرگی
برن اور لیری پیج کی توہین کرنے کے مترادف خیال کیا جاتا ہے۔ ان دو جوانوں نے اپنی
عقل اور محنت سے گوگل جیسا اعلی سرچ انجن بنا تو دیا، اب گوگل کے علاوہ کسی اور سے
کچھ پوچھنے کی کیا تک ہے؟ مگر جس زمانے میں پانچویں جماعت میں پڑھنے والا ایک لڑکا
میگیار پوستا والے ڈاک ٹکٹ کو حیرت سے دیکھ رہا تھا اس وقت انٹرنیٹ جیسی سہولت
سالوں دور تھی۔ اگلی بار چچا سے ملاقات ہوئی تو میں نے ان سے یہ سوال پوچھا۔ انہوں
نے بتایا کہ اس ٹکٹ کا تعلق ہنگری سے تھا۔ اس وقت یہ معلوم ہوا کہ اس دنیا کے بہت
سے علاقوں اور ریاستوں کے لوگ اپنے جغرافیائی خطے کو ایک نام سے یاد کرتے ہیں جب
کہ وہاں سے باہر رہنے والے اسی جغرافیے کو کچھ اور کہہ کر پکارتے ہیں۔
چھوٹے بچوں کو نت نئے خیالات سے متعارف کرنا بہت احسن کام
ہے۔
میلبورن میں یوں تو سیاحتی دلچسپی کے کئی مقامات ہیں مگر
میرے لیے اس شہر میں سب سے بڑی دلچسپی حسیب شرر سے ملاقات تھی۔ حسیب ڈی جے کالج
میں میرے ساتھ تھا۔ پھر جامعہ این ای ڈی میں بھی ہم دونوں نے ساتھ وقت گزارا۔ ترقی
پزیر ملک میں ایک پھول کا رہا سہا عرق پینے کے بعد اس ویرانے سے گھبرا کر یہ
مکھیاں ادھر ادھر روانہ ہوگئیں۔ کچھ مکھیاں مشرق وسطی کی طرف نکل گئیں، بہت سی
شمالی امریکہ کی طرف، اور ایک آدھ نے آسٹریلیا کا رخ کیا۔ حسیب کا شمار گنتی کے
ان ہی چند لوگوں میں ہوتا ہے جو اس یک ملکی براعظم میں آباد ہو گئے۔ حسیب سے گزری رات بات ہوئی تھی اور صبح ملاقات
کا وقت طے ہوگیا تھا۔ حسیب وقت مقررہ پہ ہمارے ٹھکانے پہ موجود تھے۔ حسیب ایک
نہایت ہنس مکھ شخص ہے۔ ہم دونوں کئی دہائیوں کے بعد ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔ ہم
زور سے گلے ملے، حسیب اپنی پرانی عادت کے عین مطابق مستقل ہنستا جارہا تھا۔ میں نے
کہا، یار حسیب، جب ڈی جے میں تمھارا ساتھ تھا تو تمھارے منہ پہ یہی ہنسی تھی اور
تمھارے سر پہ بال تھے۔ اب صرف تمھارے منہ پہ ہنسی ہے۔ میرے اس مذاق پہ حسیب اور
ہنسا اور ہنس ہنس کر دہرا ہوگیا۔
Labels: Australia, Melbourne, Papparich Malaysian Restaurant
