Wednesday, January 23, 2008

 

اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عورت کا مقام






ذرا اس ویڈیو کو دیکھیے۔ اور پھر خون کے آنسو روئیے۔
یہ ہے پاکستانی مرد کی سب سے درندہ صفت تصویر۔ کہ ایک عورت ہے جو بہادر ہے، پڑھی لکھی ہے، جو گہرائی سے چیزوں کو سمجھنا جانتی ہے، جو حق کے لیے آواز بلند کررہی ہے اور اس سلسلے میں قربانیاں دے رہی ہے۔ یہ شیری رحمن ہے۔ اور اس عورت کو اس کی قربانیوں کا صلہ کیا مل رہا ہے؟ اپنے آس پاس مردوں کے وحشیانہ حملے۔
کون ہے یہ آدمی جو اس ویڈیو میں شیری رحمن کے ساتھ چل رہا ہے؟ اس جانور کا نام کیا ہے؟ کیا یہ ویڈیو کافی نہیں ہے اس جانور کو جیل میں بند کروانے کے لیے، اس پہ عورت کی تذلیل کا مقدمہ چلانے کے لیے؟
اور واقعی یہ شخص جانور ہے کیونکہ اس کی نظر میں ہر عورت صرف اس کی جنسی تسکین کے لیے پیدا کی گئی ہے۔
مگر افسوس اس بات کا ہے کہ یہ جانور اکیلا نہیں ہے۔ ایسے بہت سے درندے پاکستان میں موجود ہیں جو عورتوں پہ ہر قسم کا تشدد، ہر قسم کی زیادتی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کوئی ہے جو ان جانوروں کو درندگی سے انسانیت تک کا سفر کروائے؟
بھارت میں پرتی زنتا نامی ایک بہادر خاتون نے عورتوں پہ مستقل ہونے والے جنسی حملوں کو سب کے سامنے لانے کے لیے آواز بلند کی ہے۔ سرحد کے اس طرف بھی ایک پرتی زنتا کی ضرورت ہے۔ کیا محترمہ شیری رحمن یہ مجاہدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟

Labels: , ,


Monday, January 07, 2008

 

دور کتنے ہیں خوشیاں منانے کے دن





یہ جو محبت کرنا ہے یہ بہت نقصان کا سودا ہے۔
اپنی جائے پیدائش سے محبت کرنا۔ اپنے وطن کا بھلا چاہنا۔ اور خاص طور پہ ایک ایسے ملک کے لیے امیدیں رکھنا جس کے راہ نما اور لوگ آپ کو مستقل مایوس کرتے جائیں۔ یہ تو سراسر دل جلانے کا سامان ہے۔ کہ آپ دیکھتے جائیں اور خون کے آنسو روتے جائیں۔
کہ پہلے ایک راہ نما عورت کو گولی مار کر ختم کر دیا جائے اور اس پہ آپ کا دل خراب ہو۔ اور پھر اس ظالمانہ قتل پہ خوب فساد ہو، عمارتوں اور گاڑیوں کو نظر آتش کر دیا جائے، لوگوں کو مارا جائے۔

نہ جانے کیا موقع تھا کہ فیض نے کہا تھا،
آج مجھ سے نہ پوچھو، میرے دوستو
دور کتنے ہیں خوشیاں منانے کے دن
فیض کو گزرے دو دہائیاں ہو گئیں مگرپاکستان سے محبت کرنے والے لوگ، اس کا بھلا چاہنے والے لوگ آج بھی خوشیاں منانے کے دنوں سے نہ صرف یہ کہ بہت دور ہیں بلکہ دور تر ہوتے جا رہے ہیں۔

تصویر از
21stcenturysocialism.com


This page is powered by Blogger. Isn't yours?