Monday, April 21, 2014
تعلیم کی راہ، ترقی کی راہ
اپریل تیرہ، دو ہزارچودہ
ایک فکر کے سلسلے کا کالم
کالم شمار ایک سو چوراسی
تعلیم کی
راہ، ترقی کی راہ
دنیا کے ان
ممالک کو دیکھیے جہاں سیاسی استحکام ہے اور معیشت کا پہیہ رواں چل رہا ہے۔ آپ
مشاہدہ کریں گے کہ ان ترقی یافتہ ممالک میں سو فی صد یا اس کے نزدیک ترین خواندگی
کا ہدف بہت پہلے حاصل کرلیا گیا تھا۔ اس بات پہ ایک اور انداز سے غور کریں۔ اگر آپ
ایک کاروبار چلا رہے ہیں تو آپ کس قسم کے لوگوں کو ملازمت دینا چاہیں گے؟ آپ یقینا
تعلیم یافتہ لوگوں کو ملازم رکھنا چاہیں گے تاکہ وہ اپنی محنت کے ساتھ اپنی سوچ
سمجھ سے آپ کے کاروبار کو نفع بخش بنا سکیں۔ اسی طرح کسی ملک کی معیشت اور اس کے
پورے نظام کو چلانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
ترقی پذیر ممالک میں مساءل کی بہتات نظر آتی ہے اور ان ممالک سے ہمدردی رکھنے والے
لوگ مخمصے کا شکار رہتے ہیں کہ بہتری کی صورت پیدا کرنے کے لیے ان مساءل کا کونسا
سرا پکڑیں۔ جب کبھی آپ اس طرح کے تذبذب میں گرفتار ہوں تو سمجھیں کہ آسان ترین
راستہ تعلیم حاصل کرنے میں لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ جس طرح ایک رکی ہوءی گاڑی کو
دھکا دے کر چلانا، ایک لڑھکتی گاڑی کو تھوڑا سا زیادہ دھکا لگا کر اور تیز چلانے
سے زیادہ مشکل کام ہے، اسی طرح کسی شخص کو خواندگی کی اولین منازل طے کروانا، جن
میں وہ لکھنا پڑھنا اور بنیادی حساب سیکھ جاءے، کسی معمولی خواندہ شخص کو مزید
تعلیم دینے سے زیادہ مشکل عمل ہے۔ کیا ٹیکنالوجی کی مدد سے اس پہلے مرحلے کو آسان
بنایا جاسکتا ہے؟ جی ہاں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا میں بہت سے لوگ اس نتیجے پہ ایک
ساتھ پہنچے ہیں۔ خان اکیڈمی کے بانی سلمان خان کو دیکھ لیجیے۔ جو سلسلہ سلمان خان
کے اپنی عم زاد کو ریاضی کے چیدہ چیدہ موضوعات سمجھانے سے شروع ہوا تھا وہ آج اتنا
بڑھا ہے کہ اب خان اکیڈمی شروع کی بارہ جماعتوں تک کا حساب اور بنیادی ساءنس
سکھانے کی ویڈیو کے لیے دنیا بھر میں ایک معتبر ارادہ بن گیا ہے۔ کیا خان اکیڈمی
کی ان ویڈیو کی مدد سے پاکستان میں تعلیم عام کی جاسکتی ہے؟ یقینا۔ اس بات کا
ادراک خان اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے بلال مشرف نے کیا۔ انہوں نے کوشش فاءونڈیشن
نامی ادارے کا پچھلا عملی تجربہ دیکھتے ہوءے خان اکیڈمی کے انگریزی ویڈیو کا اردو
میں ترجمے کا کام کوشش فاءونڈیشن [روح رواں: سہیل اکبر] کے حوالے کیا۔ کام بڑا تھا
اور اس کو کرنے کے لیے مالی وساءل کی ضرورت تھی۔ اس مرحلے پہ مشہور پاکستانی
امریکی ٹیکنالوجسٹ صفی قریشی نے بھرپور تعاون کیا۔ آپ کو یاد ہوگا کہ صفی قریشی کا
نام سنہ بانوے میں اس وقت زبان عام پہ آیا جب صفی قریشی کی بناءی ہوءی کمپنی اے
ایس ٹی نے امریکہ کی فورچون پانچ سو کمپنیوں میں اپنی جگہ بنا لی۔ اپنے ملک کی
مستقل ناکامی سے پریشان پاکستانی، پاکستان سے وابستہ کسی بھی کامیابی کو آنکھوں سے
چومتے ہیں۔ امریکہ میں صفی قریشی کی کامیابی کو پاکستان میں نم آنکھوں سے سراہا
گیا۔ راقم نے کراچی میں شاہراہ فیصل پہ صفی قریشی کی تصاویر سے مزین ساءن بورڈ
دیکھے ہیں۔ صفی قریشی عام تعلیم کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اسی لیے قریبا
پندرہ سال قبل انہوں نے مقبول عام امریکی پروگرام 'سیسمی اسٹریٹ' کو اردو کے قالب
میں ڈھال کر ٹی وی کے ذریعے پاکستانی بچوں تک پہنچانے کے کام میں مالی معاونت کی
تھی۔ خان اکیڈمی کے ویڈیو کے اردو ترجمے کے کام کے لیے بھی صفی قریشی نے مالی مدد
کی۔ اس سلسلے میں صفی قریشی کے دست راست محبوب اختر بھی پیش پیش رہے۔ کوشش
فاءونڈیشن نے صفی قریشی کی دی ہوءی رقم سے ویڈیو کے اردو ترجمے کا کام شروع کیا۔
کام یہ تھا کہ کسی بھی ویڈیو کو انگریزی میں سنا جاءے، اس ویڈیو کی آڈیو کا اردو
میں ترجمہ کیا جاءے، اور پھر ویڈیو کی اصل انگریزی آڈیو نکال کر اس پہ اردو کی
آڈیو ڈال دی جاءے۔ خیال یہ رکھنا تھا کہ نہ صرف ترجمہ اعلی معیار کا ہو بلکہ لمحہ
بہ لمحہ آڈیو اور ویڈیو ساتھ ساتھ چلیں۔ ترجمے کا یہ مشکل کام دو قابل مترجمین،
علیم احمد [گلوبل ساءنس کے مدیر] اور ذیشان حیدر کررہے ہیں۔ اس وقت تک سترہ سو سے
زاءد ویڈیو کے ترجمے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ آپ پوچھ سکتے ہیں کہ جس طرح خان اکیڈمی
کے انگریزی ویڈیو یوٹیوب پہ ہیں، اسی طرح اردو ویڈیو بھی یوٹیوب پہ ہیں، اور
پاکستان میں یوٹیوب پہ پابندی ہے، تو یہ ویڈیو پاکستانی بچوں تک کس طرح پہنچیں گے۔
اس سلسلے میں پہلی بات سمجھنے کی یہ ہے کہ اگر آج پاکستان میں یوٹیوب پہ سے پابندی
ہٹ جاءے تو شہروں میں رہنے والے طلبا تو
خان اکیڈمی کے ویڈیو سے مستفید ہوں گے مگر وہ بہت سے بچے جن کی رساءی انٹرنیٹ تک
نہیں ہے، اس قیمتی علمی وسیلے تک پھر بھی نہیں پہنچ پاءیں گے۔ پاکستان میں ان
ترجمہ شدہ ویڈیو کو طلبا تک پہنچانے کا طریقہ یہ ہوگا کہ شعبہ تعلیم میں دلچسپی
رکھنے والے مخیر اشخاص ان ویڈیو کو ڈاءون لوڈ کریں اور پھر ان ویڈیو کو اپنی درس
گاہوں میں استعمال کریں۔ کوشش فاءونڈیشن مستقبل قریب کے ایک ایسے دن کا خواب
دیکھتی ہے جب اردو میں ترجمہ شدہ یہ ویڈیو ہر جماعت کے حساب سے لوگوں کے کمپیوٹر
پہ محفوظ ہوں گے۔ کوءی بھی شخص نہایت کم لاگت سے ایک اسکول شروع کرسکے گا۔ انتظام
صرف ایک ایسے کمرے کا کرنا ہوگا جس میں بچوں کو بٹھا کران کی تعلیمی استعداد کے
حساب سے انہیں ایک اسکرین پہ ویڈیو دکھاءے جا سکیں۔ اگر زیادہ بجٹ دستیاب ہو تو
اسی کمرے میں طلبا کے استعمال کے لیے ایسے کمپیوٹر رکھے جاسکتے ہیں جن پہ بچے
مشقیں حل کرسکیں۔
اردو میں
ترجمہ شدہ ویڈیو یہاں دستیاب ہیں:
کوءی بھی شخص
ان ویڈیو کے معیار کو جانچنے کے لیے یہ گوشوارہ استعمال کرسکتا ہے:
Labels: Aleem Ahmed, AST, Bilal Musharraf, Global Science Magazine, Khan Academy Urdu, Koshish Foundation, Mohammad Mahboob Akhter, Pakistan, Safi Qureshey, Zeeshan Hyder
Thursday, May 24, 2012
انگریزی اصطلاحات کا اردو ترجمہ بشکریہ علیم احمد
انگریزی اصطلاحات کا
اردو ترجمہ
اس وقت کءی محاذوں پہ ترجمے
کا کام جاری ہے۔ ترجمے کا یہ کام انگریزی سے اردو میں ہو رہا ہے اور اس کام میں
اکثر ایسی اصطلاحات سے واسطہ پڑتا ہے جن کے اردو متبادل الفاظ کی تلاش ہوتی ہے۔
اصطلاحات کے ترجمے کا کام ایک خاص قابلیت مانگتا ہے جو پاکستان کے نامور ساءنسی
صحافی علیم احمد میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔
درج ذیل پیغامات سے آپ
کو علیم احمد کی عالمانہ اوصاف کا بخوبی اندازہ ہوگا۔
[یاد رہے کہ
علیم احمد گلوبل ساءنس نامی رسالے کے مدیر ہیں۔]
سمندطور
-----------------------------------------------------------------------------------------------------------
نوازش،
بھاءی علیم۔
دل خوش
ہو گیا۔
آپ نے
اس قدر تفصیلی جواب دیا ہے کہ دل کرتا ہے کہ اس جواب کی ایک بلاگ پوسٹ بنا کر اپنے
بلاگ پہ لگا دوں۔ آپ کو اعتراض تو نہ ہوگا۔
خوش
رہیے۔
امید ہے
کہ جلد اسکاءپ پہ بات ہوگی۔
نیازمند
سمندطور
-----------------------------------------------------------------------------------------------------------
برادرم علی حسن
السلام علیکم
آپ کے قلم سے اپنے لیے مزدور قلم کی عبارت اچھی لگی۔ اگرچہ ذیل کی یہ
اصطلاحات میں نے اپنے اسکول کے زمانے میں پڑھ رکھی ہیں؛ لیکن پھر بھی سند کی غرض
سے میں انہیں دو الگ الگ لغات سے دیکھ کر لکھ رہا ہوں۔ ان میں سے پہلی لغت؛ اردو
سائنس بورڈ کی فرہنگ اصطلاحات ہے جو محترم اشفاق احمد مرحوم کے زمانے میں ترتیب دی
گئی تھی؛ اور دوسری مقتدرہ قومی زبان کی قومی انگریزی اردو لغت ہے جو آج سے بیس
سال پہلے محترم ڈاکٹر جمیل جالبی کی سربراہی میں مکمل ہوئی تھی۔ معیار سازی کے
نقطہ نگاہ سے یہی دونوں لغات مجھے موزوں ترین لگتی ہیں؛ تاہم بعض مقامات پر کچھ
علمی اختلافات بھی سامنے آجاتے ہیں۔
Universal set
افسوس کہ مذکورہ دونوں لغات میں یونیورسل سیٹ کا کوئی براہ راست
ترجمہ موجود نہیں۔ تاہم؛ اول الذکر فرہنگ میں یونیورسل کا ترجمہ: کائناتی؛ آفاقی؛
اور ہمہ گیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ لہذا آپ یونیورسل سیٹ کی اردو ’’ہمہ گیر سیٹ‘‘
کے طور پر بھی کرسکتے ہیں؛ کیونکہ یہ وہ سیٹ ہوتا ہے جس کے ذیل میں تمام ذیلی سیٹ
آجاتے ہیں۔
Complimentary set
لگتا ہے کہ مذکورہ دونوں لغات کی تیاری میں جن لوگوں نے کام لیا ہے؛
یا جن افراد کے کام سے مدد لی گئی ہے؛ انہیں ریاضی سے کوئی خاص رغبت یا نسبت نہیں
تھی؛ کیونکہ اس اصطلاح کا بھی براہ راست ترجمہ دونوں لغات میں دستیاب نہیں۔ البتہ؛
کمپلیمنٹری (Complementary) کے ترجمے میں تکملی اور
تکمیلی جیسے الفاظ موجود ہیں۔ سیٹ کے ساتھ ملانے پر یہ تکملی سیٹ؛ یا تکمیلی سیٹ
بنے گا۔ ویسے میرا خیال ہے کہ تکمیلی زیادہ درست رہے گا کیونکہ ’’انٹیگرل‘‘ (Integral) کو اردو میں پہلے ہی سے
’’تکملہ‘‘ کہتے ہیں۔ ویسے بھی کمپلیمنٹری سیٹ وہ ہوتا ہے جو کسی دوسرے سیٹ کے ساتھ
مل کر اپنی اور دوسرے سیٹ؛ دونوں کی ’’تکمیل‘‘ کرتا ہو۔ لہذا اس عاجز کی رائے میں
تو تکمیلی سیٹ ہی درست ترجمہ رہے گا۔
symmetrical difference
اردو میں ’’سمٹری‘‘ کا کلاسیکی متبادل ’’تشاکل‘‘ ہے؛ یعنی اگر کوئی
شے اپنی ساخت اور خصوصیات کے اعتبار سے یکساں؛ ایک جیسی؛ یا مشابہ ہو تو اسے اردو
میں ’’متشاکل‘‘ (symmetric) کہتے ہیں۔ اس اعتبار سے سمٹریکل ڈفرینس کا اردو ترجمہ تشاکلی فرق ہی بنے گا۔ (مبارک
ہو! اس اصطلاح کا بھی اردو ترجمہ مذکورہ دونوں لغات میں براہ راست موجود نہیں)۔
Associate property
برادرم؛ ذرا یہ اصطلاح چیک کرلیجیے گا۔ اسے Associate نہیں بلکہ Associative ہونا چاہئے۔ ویسے تو
ایسوسی ایٹ کو اردو میں ’’نائب‘‘ کہتے ہیں؛ جیسے کہ ایسوسی ایٹ پروفیسر کے لیے
اردو لفظ ’’نائب پروفیسر‘‘ عرصہ دراز سے موجود ہے۔ (یاد رہے کہ اسسٹنٹ کا اردو
ترجمہ ’’معاون‘‘ ہے؛ لہذا اسسٹنٹ پروفیسر کو اردو میں ’’معاون پروفیسر‘‘ کہا جائے
گا۔) البتہ؛ ایسوسی ایٹ سے مراد وہ اشیاء بھی ہوتی ہیں جو ایک دوسرے سے وابستہ
ہوں۔ یعنی ’’ایسوسی ایٹ‘‘ پراپرٹی کا اردو ترجمہ وابستہ خاصیت؛ اور ’’ایسوسی ایٹیو پراپرٹی‘‘ کا ترجمہ خاصیت وابستگی ہونا چاہئے۔
Commutative property
فرہنگ سائنسی اصطلاحات میں اس کا ترجمہ خاصیت مبادلہ (یعنی ترتیب کے
اعتبار سے ایک دوسرے کی جگہ لے سکنے کی خاصیت) کیا گیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہی
درست اصطلاح ہے اور اسی طرح اختیار کرلینی چاہئے۔
distributive property
اس اصطلاح کا براہ راست اردو ترجمہ دونوں لغات سے نہیں مل پایا۔
البتہ؛ ڈسٹری بیوٹیو کے ترجمے میں ’’تقسیمی‘‘ کی اردو عبارت ضرور موجود ہے۔ لہذا؛
ڈسٹری بیوٹیو پراپرٹی کی اردو تقسیمی خاصیت ہونی چاہئے۔
ordered pair
ارے! یہ تو بہت ہی آسان ہے: آرڈر کہتے ہیں ترتیب کو اور آرڈرڈ سے
مراد ہوتی ہے ’’ترتیب دیا ہوا‘‘ یعنی ’’مترتب‘‘۔ لہذا؛ آرڈرڈ پیئر کا اردو ترجمہ
بلاشبہ مترتب جوڑا ہی ہونا چاہئے۔ البتہ؛ مقتدرہ کی لغت میں اس کی اردو مرتب جفت
لکھی ہے جبکہ فرہنگ میں آرڈرڈ کا ترجمہ ’’منظم‘‘ درج ہے۔ میرا خیال ہے کہ ان دونوں
لغات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر اور سہل ترجمہ منظم جوڑا کیا جاسکتا ہے۔ بتاتا چلوں
کہ تکنیکی اعتبار سے یہ اردو اصطلاح غلط ہوگی کیونکہ لفظ ’’جوڑا‘‘ ہندی سے آیا ہے
جبکہ منظم کا تعلق عربی سے ہے۔ یعنی؛ لسانی نقطہ نگاہ سے مرتب جفت یا مترتب جفت
درست ہوگی۔ لیکن یہاں ہم نئی نسل کو سامنے رکھتے ہوئے تھوڑی سی نرمی برت سکتے ہیں
اور آرڈرڈ پیئر کا اردو ترجمہ منظم جوڑا کرسکتے ہیں۔
cartesian coordinates
یہ ایک اور اصطلاح ہے جو ہم نے اسکول اور کالج کے دنوں میں بہت پڑھی ہے۔ انگریزی کے ’’کارٹیسیئن‘‘ کا باضابطہ اردو ترجمہ ’’کارتیسی‘‘ کے طور پر کیا گیا ہے جبکہ ’’کوآرڈی نیٹس‘‘ کو اردو میں ’’محددات‘‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس؛ اردو میں کارتیسی محددات کہلائیں گے۔ فرہنگ میں کارٹیسیئن کی اردو ’’کارٹسی‘‘ لکھی ہے جو نمایاں طور پر ناقص ہے۔ البتہ؛ مقتدرہ کی لغت میں کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس کے لئے ’’کارتیسی محدّد‘‘ کی اصطلاح ہی استعمال ہوئی ہے۔ البتہ؛ ہم نے اپنی اردو میڈیم والی نصابی کتب میں اسے ’’کارتیسی محددات‘‘ ہی پڑھا ہے۔
یہ ایک اور اصطلاح ہے جو ہم نے اسکول اور کالج کے دنوں میں بہت پڑھی ہے۔ انگریزی کے ’’کارٹیسیئن‘‘ کا باضابطہ اردو ترجمہ ’’کارتیسی‘‘ کے طور پر کیا گیا ہے جبکہ ’’کوآرڈی نیٹس‘‘ کو اردو میں ’’محددات‘‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس؛ اردو میں کارتیسی محددات کہلائیں گے۔ فرہنگ میں کارٹیسیئن کی اردو ’’کارٹسی‘‘ لکھی ہے جو نمایاں طور پر ناقص ہے۔ البتہ؛ مقتدرہ کی لغت میں کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس کے لئے ’’کارتیسی محدّد‘‘ کی اصطلاح ہی استعمال ہوئی ہے۔ البتہ؛ ہم نے اپنی اردو میڈیم والی نصابی کتب میں اسے ’’کارتیسی محددات‘‘ ہی پڑھا ہے۔
one to one correspondence
لیجئے جناب! اس اصطلاح کے سامنے فرہنگ اور لغت؛ دونوں ہی ناکام
ہوگئیں۔ ون ٹو ون کورسپونڈینس سے مراد دو سیٹوں (sets) کا ایسا باہمی تعلق ہوتا ہے کہ جب پہلے سیٹ
کا ایک رکن؛ دوسرے سیٹ کے صرف اور صرف ایک ہی رکن سے تعلق رکھتا ہو۔ ایسا خاص طور
پر کسی ریاضیاتی تفاعل (فنکشن) کے ضمن میں ہوتا ہے جب ’’ڈومین‘‘ میں دی گئی کسی
خاص قدر کے نتیجے میں ’’رینج‘‘ میں صرف ایک قدر ہی ملتی ہے؛ اس سے زیادہ نہیں۔
لغات کھنگالتے کھنگالتے میری نظر سے ’’اصطلاحات ریاضی‘‘ نامی چھوٹی سی کتاب گزری؛
جو مقتدرہ قومی زبان کی ذیلی مجلس اصطلاحات ریاضی؛ کراچی کی مرتب کردہ ہے۔ اس میں
’’ون ٹو ون کورسپونڈینس‘‘ کی اردو ’’ایک ایک تناظر‘‘ دی گئی ہے۔ یہ مجھے کچھ
خاص پسند نہیں آئی؛ اسی لئے ’’لسانی اجتہاد‘‘ کرتے ہوئے؛ میں یہ تجویز کرتا ہوں کہ
اس کا ترجمہ ایک کا ایک سے تعلق کرلیا جائے۔ اگرچہ یہ کوئی سکہ بند اصطلاح تو نہیں؛ لیکن ون ٹو ون
کورسپونڈینس بھی دراصل ایک مخصوص ریاضیاتی تصور کی نمائندگی کرتا ہے۔ بعد ازاں
کہیں ’’ون ٹو ون میپنگ‘‘ سے سامنا ہوجائے تو آپ اسے ’’ایک کی ایک پر نقشہ کاری‘‘
بھی کرسکتے ہیں۔
اس مزدور قلم نے اپنے تئیں آپ کی ارسال کردہ اصطلاحات کی خاصی چھان
پھٹک کرنے کے بعد متعلقہ اردو آپ کی خدمت میں پیش کی ہے۔ اس عاجز کی یہ کوشش آپ کو
جیسی بھی لگی ہو؛ اسکائپ یا ای میل پر رابطہ کرکے ضرور بتائیے گا۔
والسلام
علیم احمد
بھاءی علیم
آداب
آپ کی
مہربانی کا فاءدہ اٹھاتے ہوءے میں اصطلاحات کے ترجمے میں آپ کی مستقل راہنماءی
حاصل کرتا رہوں گا۔
درج ذیل
انگریزی اصطلاحات مع ناقص اردو ترجمے کے پیش کی جا رہی ہیں۔
توثیق
کیجیے یا اصلاح فرماءیے۔
ان
احسانات کے بوجھ تلے
سمندطور
Cartesian Coordinate System
کارتیسی
متناسق نظام
Binary Relation
ثناءی تعلق
Domain
ساحہ یا میدان
Range
حیطہ یا پہنچ
Function
تفاعل
Onto function
تابع تفاعل
axis
محور
abscissa
استدلال
quadrant
ربع
Decimal fraction
اعشاری کسر
Terminating Decimal fractions
محدود اعشاری کسر
Recurring Decimal fractions
غیرمحدود اعشاری کسر
Additive Identity
جمع اکاءی
Additive Inverse
جمع معکوس یا جمع مقلوب
Multiplication Identity
ضرب اکاءی
Multiplication Inverse
ضرب معکوس یا ضرب مقلوب
Trichotomy property
Reflexive Property
معکوسی خاصیت
Symmetric Property
تشاکلی خاصیت
Transitive Property
متعدی خاصیت
Additive Property
جمعی خاصیت
Multiplicative Property
ضربی خاصیت
Cancellation Property
تنسیخی خاصیت
Exponent
قوت
Products of Powers
قوت کا ضرب
Quotient of Powers
قوت کا تناسب
Radical
اصم
Square Root
جذر
Rational Exponents
نسبتی قوت
Surds
اصم
binomial surds
دو رقمی اصم
Labels: Aleem Ahmed, Editor, Global Science, Pakistan, Science journalist, Translation of English scientific terms into Urdu
