Thursday, May 24, 2012

 

انگریزی اصطلاحات کا اردو ترجمہ بشکریہ علیم احمد








انگریزی اصطلاحات کا اردو ترجمہ
   
اس وقت کءی محاذوں پہ ترجمے کا کام جاری ہے۔ ترجمے کا یہ کام انگریزی سے اردو میں ہو رہا ہے اور اس کام میں اکثر ایسی اصطلاحات سے واسطہ پڑتا ہے جن کے اردو متبادل الفاظ کی تلاش ہوتی ہے۔ اصطلاحات کے ترجمے کا کام ایک خاص قابلیت مانگتا ہے جو پاکستان کے نامور ساءنسی صحافی علیم احمد میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔
درج ذیل پیغامات سے آپ کو علیم احمد کی عالمانہ اوصاف کا بخوبی اندازہ ہوگا۔
[یاد رہے کہ علیم احمد گلوبل ساءنس نامی رسالے کے مدیر ہیں۔]
سمندطور
  

-----------------------------------------------------------------------------------------------------------

نوازش، بھاءی علیم۔
دل خوش ہو گیا۔
آپ نے اس قدر تفصیلی جواب دیا ہے کہ دل کرتا ہے کہ اس جواب کی ایک بلاگ پوسٹ بنا کر اپنے بلاگ پہ لگا دوں۔ آپ کو اعتراض تو نہ ہوگا۔
خوش رہیے۔
امید ہے کہ جلد اسکاءپ پہ بات ہوگی۔
نیازمند
سمندطور

-----------------------------------------------------------------------------------------------------------
برادرم علی حسن
السلام علیکم

آپ کے قلم سے اپنے لیے مزدور قلم کی عبارت اچھی لگی۔ اگرچہ ذیل کی یہ اصطلاحات میں نے اپنے اسکول کے زمانے میں پڑھ رکھی ہیں؛ لیکن پھر بھی سند کی غرض سے میں انہیں دو الگ الگ لغات سے دیکھ کر لکھ رہا ہوں۔ ان میں سے پہلی لغت؛ اردو سائنس بورڈ کی فرہنگ اصطلاحات ہے جو محترم اشفاق احمد مرحوم کے زمانے میں ترتیب دی گئی تھی؛ اور دوسری مقتدرہ قومی زبان کی قومی انگریزی اردو لغت ہے جو آج سے بیس سال پہلے محترم ڈاکٹر جمیل جالبی کی سربراہی میں مکمل ہوئی تھی۔ معیار سازی کے نقطہ نگاہ سے یہی دونوں لغات مجھے موزوں ترین لگتی ہیں؛ تاہم بعض مقامات پر کچھ علمی اختلافات بھی سامنے آجاتے ہیں۔

Universal set
افسوس کہ مذکورہ دونوں لغات میں یونیورسل سیٹ کا کوئی براہ راست ترجمہ موجود نہیں۔ تاہم؛ اول الذکر فرہنگ میں یونیورسل کا ترجمہ: کائناتی؛ آفاقی؛ اور ہمہ گیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ لہذا آپ یونیورسل سیٹ کی اردو ’’ہمہ گیر سیٹ‘‘ کے طور پر بھی کرسکتے ہیں؛ کیونکہ یہ وہ سیٹ ہوتا ہے جس کے ذیل میں تمام ذیلی سیٹ آجاتے ہیں۔

Complimentary set
لگتا ہے کہ مذکورہ دونوں لغات کی تیاری میں جن لوگوں نے کام لیا ہے؛ یا جن افراد کے کام سے مدد لی گئی ہے؛ انہیں ریاضی سے کوئی خاص رغبت یا نسبت نہیں تھی؛ کیونکہ اس اصطلاح کا بھی براہ راست ترجمہ دونوں لغات میں دستیاب نہیں۔ البتہ؛ کمپلیمنٹری (Complementary) کے ترجمے میں تکملی اور تکمیلی جیسے الفاظ موجود ہیں۔ سیٹ کے ساتھ ملانے پر یہ تکملی سیٹ؛ یا تکمیلی سیٹ بنے گا۔ ویسے میرا خیال ہے کہ تکمیلی زیادہ درست رہے گا کیونکہ ’’انٹیگرل‘‘ (Integral) کو اردو میں پہلے ہی سے ’’تکملہ‘‘ کہتے ہیں۔ ویسے بھی کمپلیمنٹری سیٹ وہ ہوتا ہے جو کسی دوسرے سیٹ کے ساتھ مل کر اپنی اور دوسرے سیٹ؛ دونوں کی ’’تکمیل‘‘ کرتا ہو۔ لہذا اس عاجز کی رائے میں تو تکمیلی سیٹ ہی درست ترجمہ رہے گا۔

symmetrical difference
اردو میں ’’سمٹری‘‘ کا کلاسیکی متبادل ’’تشاکل‘‘ ہے؛ یعنی اگر کوئی شے اپنی ساخت اور خصوصیات کے اعتبار سے یکساں؛ ایک جیسی؛ یا مشابہ ہو تو اسے اردو میں ’’متشاکل‘‘ (symmetric) کہتے ہیں۔ اس اعتبار سے سمٹریکل ڈفرینس کا اردو ترجمہ تشاکلی فرق ہی بنے گا۔ (مبارک ہو! اس اصطلاح کا بھی اردو ترجمہ مذکورہ دونوں لغات میں براہ راست موجود نہیں)۔

Associate property
برادرم؛ ذرا یہ اصطلاح چیک کرلیجیے گا۔ اسے Associate نہیں بلکہ Associative ہونا چاہئے۔ ویسے تو ایسوسی ایٹ کو اردو میں ’’نائب‘‘ کہتے ہیں؛ جیسے کہ ایسوسی ایٹ پروفیسر کے لیے اردو لفظ ’’نائب پروفیسر‘‘ عرصہ دراز سے موجود ہے۔ (یاد رہے کہ اسسٹنٹ کا اردو ترجمہ ’’معاون‘‘ ہے؛ لہذا اسسٹنٹ پروفیسر کو اردو میں ’’معاون پروفیسر‘‘ کہا جائے گا۔) البتہ؛ ایسوسی ایٹ سے مراد وہ اشیاء بھی ہوتی ہیں جو ایک دوسرے سے وابستہ ہوں۔ یعنی ’’ایسوسی ایٹ‘‘ پراپرٹی کا اردو ترجمہ وابستہ خاصیت؛ اور ’’ایسوسی ایٹیو پراپرٹی‘‘ کا ترجمہ خاصیت وابستگی ہونا چاہئے۔

Commutative property
فرہنگ سائنسی اصطلاحات میں اس کا ترجمہ خاصیت مبادلہ (یعنی ترتیب کے اعتبار سے ایک دوسرے کی جگہ لے سکنے کی خاصیت) کیا گیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہی درست اصطلاح ہے اور اسی طرح اختیار کرلینی چاہئے۔

distributive property
اس اصطلاح کا براہ راست اردو ترجمہ دونوں لغات سے نہیں مل پایا۔ البتہ؛ ڈسٹری بیوٹیو کے ترجمے میں ’’تقسیمی‘‘ کی اردو عبارت ضرور موجود ہے۔ لہذا؛ ڈسٹری بیوٹیو پراپرٹی کی اردو تقسیمی خاصیت ہونی چاہئے۔

ordered pair
ارے! یہ تو بہت ہی آسان ہے: آرڈر کہتے ہیں ترتیب کو اور آرڈرڈ سے مراد ہوتی ہے ’’ترتیب دیا ہوا‘‘ یعنی ’’مترتب‘‘۔ لہذا؛ آرڈرڈ پیئر کا اردو ترجمہ بلاشبہ مترتب جوڑا ہی ہونا چاہئے۔ البتہ؛ مقتدرہ کی لغت میں اس کی اردو مرتب جفت لکھی ہے جبکہ فرہنگ میں آرڈرڈ کا ترجمہ ’’منظم‘‘ درج ہے۔ میرا خیال ہے کہ ان دونوں لغات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر اور سہل ترجمہ منظم جوڑا کیا جاسکتا ہے۔ بتاتا چلوں کہ تکنیکی اعتبار سے یہ اردو اصطلاح غلط ہوگی کیونکہ لفظ ’’جوڑا‘‘ ہندی سے آیا ہے جبکہ منظم کا تعلق عربی سے ہے۔ یعنی؛ لسانی نقطہ نگاہ سے مرتب جفت یا مترتب جفت درست ہوگی۔ لیکن یہاں ہم نئی نسل کو سامنے رکھتے ہوئے تھوڑی سی نرمی برت سکتے ہیں اور آرڈرڈ پیئر کا اردو ترجمہ منظم جوڑا کرسکتے ہیں۔

cartesian coordinates
یہ ایک اور اصطلاح ہے جو ہم نے اسکول اور کالج کے دنوں میں بہت پڑھی ہے۔ انگریزی کے ’’کارٹیسیئن‘‘ کا باضابطہ اردو ترجمہ ’’کارتیسی‘‘ کے طور پر کیا گیا ہے جبکہ ’’کوآرڈی نیٹس‘‘ کو اردو میں ’’محددات‘‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس؛ اردو میں
 کارتیسی محددات کہلائیں گے۔ فرہنگ میں کارٹیسیئن کی اردو ’’کارٹسی‘‘ لکھی ہے جو نمایاں طور پر ناقص ہے۔ البتہ؛ مقتدرہ کی لغت میں کارٹیسیئن کوآرڈی نیٹس کے لئے ’’کارتیسی محدّد‘‘ کی اصطلاح ہی استعمال ہوئی ہے۔ البتہ؛ ہم نے اپنی اردو میڈیم والی نصابی کتب میں اسے ’’کارتیسی محددات‘‘ ہی پڑھا ہے۔

one to one correspondence
لیجئے جناب! اس اصطلاح کے سامنے فرہنگ اور لغت؛ دونوں ہی ناکام ہوگئیں۔ ون ٹو ون کورسپونڈینس سے مراد دو سیٹوں (sets) کا ایسا باہمی تعلق ہوتا ہے کہ جب پہلے سیٹ کا ایک رکن؛ دوسرے سیٹ کے صرف اور صرف ایک ہی رکن سے تعلق رکھتا ہو۔ ایسا خاص طور پر کسی ریاضیاتی تفاعل (فنکشن) کے ضمن میں ہوتا ہے جب ’’ڈومین‘‘ میں دی گئی کسی خاص قدر کے نتیجے میں ’’رینج‘‘ میں صرف ایک قدر ہی ملتی ہے؛ اس سے زیادہ نہیں۔ لغات کھنگالتے کھنگالتے میری نظر سے ’’اصطلاحات ریاضی‘‘ نامی چھوٹی سی کتاب گزری؛ جو مقتدرہ قومی زبان کی ذیلی مجلس اصطلاحات ریاضی؛ کراچی کی مرتب کردہ ہے۔ اس میں ’’ون ٹو ون کورسپونڈینس‘‘ کی اردو ’’ایک ایک تناظر‘‘ دی گئی ہے۔ یہ مجھے کچھ خاص پسند نہیں آئی؛ اسی لئے ’’لسانی اجتہاد‘‘ کرتے ہوئے؛ میں یہ تجویز کرتا ہوں کہ اس کا ترجمہ ایک کا ایک سے تعلق کرلیا جائے۔ اگرچہ یہ کوئی سکہ بند اصطلاح تو نہیں؛ لیکن ون ٹو ون کورسپونڈینس بھی دراصل ایک مخصوص ریاضیاتی تصور کی نمائندگی کرتا ہے۔ بعد ازاں کہیں ’’ون ٹو ون میپنگ‘‘ سے سامنا ہوجائے تو آپ اسے ’’ایک کی ایک پر نقشہ کاری‘‘ بھی کرسکتے ہیں۔

اس مزدور قلم نے اپنے تئیں آپ کی ارسال کردہ اصطلاحات کی خاصی چھان پھٹک کرنے کے بعد متعلقہ اردو آپ کی خدمت میں پیش کی ہے۔ اس عاجز کی یہ کوشش آپ کو جیسی بھی لگی ہو؛ اسکائپ یا ای میل پر رابطہ کرکے ضرور بتائیے گا۔

والسلام
علیم احمد



بھاءی علیم
آداب 
آپ کی مہربانی کا فاءدہ اٹھاتے ہوءے میں اصطلاحات کے ترجمے میں آپ کی مستقل راہنماءی حاصل کرتا رہوں گا۔
درج ذیل انگریزی اصطلاحات مع ناقص اردو ترجمے کے پیش کی جا رہی ہیں۔ 
توثیق کیجیے یا اصلاح فرماءیے۔
ان احسانات کے بوجھ تلے
سمندطور


Cartesian Coordinate System
کارتیسی متناسق نظام





Binary Relation
ثناءی تعلق

Domain
  ساحہ یا میدان

Range
حیطہ یا پہنچ

Function
تفاعل

Onto function
تابع تفاعل

axis
محور

abscissa
استدلال

quadrant
ربع

Decimal fraction
اعشاری کسر


Terminating Decimal fractions
محدود اعشاری کسر

Recurring Decimal fractions
غیرمحدود اعشاری کسر

Additive Identity
جمع اکاءی

Additive Inverse
جمع معکوس یا جمع مقلوب

Multiplication Identity
ضرب اکاءی

Multiplication Inverse
ضرب معکوس یا ضرب مقلوب

Trichotomy property

Reflexive Property
معکوسی خاصیت

Symmetric Property
تشاکلی خاصیت

Transitive Property
متعدی خاصیت

Additive Property
جمعی خاصیت

Multiplicative Property
ضربی خاصیت

Cancellation Property
تنسیخی خاصیت

Exponent
قوت

Products of Powers
قوت کا ضرب

Quotient of Powers
قوت کا تناسب

Radical
اصم

Square Root
جذر

Rational Exponents
نسبتی قوت

Surds
اصم

binomial surds
دو رقمی اصم





Labels: , , , , ,


Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?