Monday, November 12, 2007

 

ایمرجینسی کی ڈائری



پیر، 12 نومبر، 2007
ایک وحشت کا عالم ہے۔
آج ایمرجینسی کا نواں دن ہے۔ تین نومبر، ہماری تاریخ کا وہ سیاہ دن جب جنرل پرویز مشرف نے ملک پہ نیا مارشل لا لگایا۔
ہم پاکستان سے بارہ گھنٹے پیچھے ہیں۔ اس وقت وہاں منگل کی صبح ہے۔ دیکھتے ہیں کہ بی بی کے جیالے بی بی کے گرد لگایا جانے والا پولیس کا نرغہ توڑنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ مشرف حکومت کے خلاف بینظیر کا لانگ مارچ شروع ہوتا ہے یا نہیں۔



اتوار، نومبر گیارہ
ایمرجینسی کا آٹھوں دن۔
دوپہر میں دل بجھ گیا تھا۔ یہ سوچ کر کہ اگر پرویز مشرف مخالفت کو دبانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک کا کیا بنے گا۔ ہم کس قدر پیچھے چلے جائیں گے۔ پاکستان شمالی کوریا جیسا بند، گھٹن والا ملک بن جائے گا۔
دل بوجھل کرنے والا یہ خیال صبح کاشف کے ساتھ رانچو سان انٹونیو پارک میں ہائکنگ کرتے ہوئے آیا تھا۔ لوگوں کو احتجاج سے ڈرانے کے لیے مشرف حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عام شہریوں کو بھی فوجی عدالتوں میں پیش کیا جا سکے گا۔ گویا، ناپسندیدہ عام شہریوں کو عام قاعدے قوانین سے ہٹ کر ایسی عدالتوں میں پیش کیا جا سکے گا جہاں مقدمے کی سماعت فوجی کریں گے اور سخت سزائیں دیں گے۔ عام پاکستانی جو پہلے ہی ایک غریب ملک میں پیدا ہونے کے ناتے لاغر و ناتواں ہے، ایسی کڑی سزا کی موجودگی میں کسی مظاہرے، کسی احتجاج میں شرکت کے لیے کیوں جائے گا؟ اس کے تمام حقوق ضبط کر لیے گئے ہیں اور اسے بتایا جا رہا ہے کہ اگر اس نے چوں چرا کی کوشش کی تو اسے اس احتجاج کی کڑی سزا ملے گی۔ کہاں ہے انسانیت؟ کہاں ہے وہ بین الاقوامی برادری جو ہماری مدد کو آئے؟ انسان دوست ممالک احتجاج میں پاکستان سے اپنے سفارتی تعلقات کیوں منقطع نہیں کر لیتے؟ پاکستان کے سارے سیاست داں کیوں متحد نہیں ہوجاتے؟ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران احتجاج میں کیوں اعلان بغاوت نہیں کر دیتے، کیوں عوام کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کرتے؟
اب وکیلوں کی احتجاجی مہم کو بچانے کی امید صرف بے نظیر کے لانگ مارچ سے ہے۔ کچھ امید عمران خان سے بھی ہے کہ اگر وہ طلبا کو سڑکوں پہ لانے میں کامیاب ہو گئے تو شاید احتجاج کی فضا برقرار رکھ سکیں۔
شام تک میرا دل کچھ بہل گیا تھا۔ خبریں اچھی ہیں۔ لگتا ہے کہ بے نظیر اور ان کی پارٹی احتجاج میں قوم کو قیادت فراہم کریں گے۔ ضروری ہے کہ اس وقت تمام سیاسی اختلافات بھلا کر ہر اس مرد اور عورت کا ساتھ دیا جائے جو ایمرجینسی کے خلاف ہے۔





Labels: , ,


Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?