Thursday, September 25, 2025

 

کیا آپ چاہیں گے کہ اپ کے کسی عمل سے دوسروں کو تکلیف پہنچے؟

 

 



کیا آپ چاہیں گے کہ اپ کے کسی عمل سے دوسروں کو تکلیف پہنچے؟ سمجھدار لوگوں کی اکثریت کا جواب نفی میں ہوگا۔ کوئی بھی بااخلاق شخص ہرگز یہ نہیں چاہے گا کہ اس کے کسی عمل سے دوسرے تکلیف میں مبتلا ہوں۔ اگر آپ کراچی میں رہتے ہیں تو کیا آپ جانتے ہیں کہ اپ کے ایک روزمرہ عمل سے دوسروں کو سخت تکلیف پہنچتی ہے؟ اور ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ کے اس عمل سے کوئی سخت بیمار پڑ جاتا ہو یا کسی کی جان چلی جاتی ہو۔ آپ کا وہ عمل ہے اپنے باورچی خانے کے کوڑے کو باہر پھینک دینا۔ اس سے قطع نظر کہ آپ اپنا گیلا گھوڑا خود اپنے ہاتھوں سے باہر پھینکتے ہیں یا آپ کے گھر سے کوئی جمعدار کوئی کوڑا اٹھانے والی گاڑی اسے لے جاتی ہے۔ شہر کراچی میں کوڑا اٹھانے کا نظام انتہائی ناقص ہے اور آپ کے گھر سے اٹھایا جانے والا کوڑا بھی کہیں بہت دور نہیں جاتا۔ اس کوڑے کو صحیح طریقے سے ٹھکانے نہیں لگایا جاتا بلکہ وہ کوڑا کسی ویران جگہ پہ ڈھیر کر دیا جاتا ہے۔ اپ کے گھر یا دفتر سے نکلنے والے کوڑے میں گیلا کوڑا سب سے زیادہ نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ اس گیلے کوڑے پہ مکھِیاں مچھر سمیت طرح طرح کے جراثیم پلتے ہیں۔ آوارہ کتے اور چیلیں کوڑے کے ڈھیر میں اپنی خوراک تلاش کر لیتے ہیں۔ اس کوڑے پہ پلنے والے جراثیم بیماریاں پھیلاتے ہیں۔ اس کوڑے پہ پلنے والے کتے راہگیروں کو، چھوٹے بچوں کو کاٹ لیتے ہیں۔ اور اس کوڑے پہ پلنے والی چیلیں کسی ہوائی جہاز سے ٹکرا کر بہت سے لوگوں کی موت کا سبب بن سکتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ اپ کے اس روز مرہ کے عمل سے لوگوں کو تکلیف نہ پہنچے تو آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے گیلے گھوڑے کو اپنے گھر یا دفتر میں ہی دفن کر دیں۔ اگر آپ کے پاس کچی زمین ہے تو آپ کچی زمین میں گڑھا کھود کر کوڑے کو دفن کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس کچی زمین نہیں ہے تو آپ بڑے گملوں میں یہ کام کر سکتے ہیں۔ طریقہ بہت اسان ہے۔ تین یا زائد بڑے گملوں کا انتظام کیجیے۔ باورچی خانے کا گیلا کوڑا سارا دن ایک الگ برتن میں جمع کیجئے۔ دن کے اختتام پہ اس گیلے کوڑے کو خالی گملے میں انڈیل دیجیے اور کوڑے پہ مٹی کی ایک موٹی تہہ ڈال دیجئے تاکہ کوڑے پہ مکھیاں نہ آئیں۔ اگلے دن پھر یہی کام کیجیے اور پھر کوڑے کو مٹی کی موٹی تہہ سے چھپا دیجیے۔ ایسا کرتے جائیے حتی کہ پہلا گملہ بھر جائے۔ پھر یہی کام دوسرے گملے میں شروع کیجئے اور دوسرا گملہ بھرنے کے بعد تیسرے گملے میں۔ کراچی کی آب و ہوا ایسی ہے کہ گملہ بھرنے کے بعد 30 سے 40 دن میں سارا گیلا کوڑا گل سڑ کر کھاد بن جائے گا اور پھر اپ اس کھاد کو اس گملے سے نکال کر اس عمل کو دوبارہ سے پہلے گملے سے شروع کر سکتے ہیں۔

 

 

 

 


Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?