Wednesday, June 04, 2025
تم واجب القتل تھیں
تم واجب القتل تھیں
تم ایک خوب صورت لڑکی تھیں۔ ایک خوب صورت، سفید کھال والی لڑکی جس کی مانگ دنیا بھر میں اور بالخصوص ہمارے خطے میں بہت زیادہ ہے۔ تم اپنی خوب صورتی دنیا کو دکھا کر دنیا والوں کو اپنے گرد جمع کرسکتی تھیں۔ اور نئے دور میں ایسا ممکن ہے کہ اپنے اطراف مجمع اکٹھا کرلیا جائے مگر خود کو مجمع سے انٹرنیٹ کے ذریعے محفوظ فاصلے پہ رکھا جائے۔ تم نے ویڈیو بنائے۔ تمھاری باتیں سننے کے لیے، تمھارے نت نئے کپڑے، تمھاری ادائیں دیکھنے کے لیے لوگ جمع ہوگئے۔ اور اس بھیڑ سے فائدہ اٹھانے کے لیے اشتہارات پہنچے اور ذرا سی دیر میں تم پہ پیسوں کی بارش ہونے لگی۔ یہ ایک دم سے آنے والی شہرت اور دولت ایک خطرناک نشہ ہوتی ہے۔ یہ نشہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ اور یہ نشہ تم پر بھی سر چڑھ کر بولا۔ تم یہ بھول گئیں کہ تمھارے ملک میں قانون صرف طاقتور کی حفاظت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ تمھارے پاس جتنی رقم تھی ان پیسوں کی طاقت بہت کم تھی۔ ایک لاقانون معاشرے میں تمھارا حسن، تمھارا زن ہونا تمھاری سب سے بڑی کمزوری تھی۔
تم نے نادانی میں اپنے ہاتھوں سے اپنے لیے موت لکھ دی۔
Sana YousafValeria Márquez