Sunday, August 04, 2024

 

ردی اور تہذیب



مجھے کوڑے کے مقابلے میں لفظ ردی زیادہ پسند ہے۔ ردی یعنی رد کی جانے والی چیز۔ وہ چیز جو آپ کے لیے کارآمد نہیں رہی۔ جو آپ کے لیے ناپسندیدہ ہے۔ ردی کو صحیح طور سے ٹھکانے لگانا ہی اعلی تہذیب کا پیمانہ ہے۔
آپ ہر روز بہت سی چیزیں استعمال کرتے ہیں اور اس عمل میں ردی پیدا کرتے ہیں۔ اشیا کے استعمال اور ردی بننے کے عمل کو انسانی جسم کے مشاہدے سے شروع کیجیے۔ آپ سانس لیتے ہیں، آپ کھانا کھاتے ہیں، اور پانی پیتے ہیں۔ انسانی جسم کیا رد کرتا ہے؟ اوپر سے نیچے تک جسم کی ردی کی ایک طویل فہرست ہے۔ آپ کی استعمال شدہ سانس، ردی ہے۔ آپ کے پورے جسم سے پسینہ رد ہوتا ہے۔منہ سے اگلی جانے والا دیگر مواد، بلغم، تھوک، قے بھی ردی ہے۔ اور اسی طرح زیریں جسم سے خارج ہونے والے ردی مادے میں،  باد اور بول و براز شامل ہیں۔ جو کچھ آپ کا جسم رد کررہا ہے وہ نہ صرف آپ کے لیے ناپسندیدہ ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی ناپسندیدہ ہے۔ تہذیب یہ ہے کہ اس ردی کو یوں تلف کیا جائے کہ وہ نہ آپ کو نظر آئے نہ کسی اور۔
اور تہذیب کا یہ پیمانہ انسانی جسم سے رد ہونے والے مواد کے ساتھ ساتھ  گھروں سے نکالی جانے والی ردی کے لیے بھی درست ہے۔  آپ کے گھر سے پھینکا جانے والا کوڑا بھلا کسی دوسرے کے لیے کیسے پسندیدہ ہوسکتا ہے؟ اگر آپ گھر سے کوئی ایسی چیز رد کررہے ہیں جو آپ کے خیال میں کسی دوسرے کے کام آسکتی ہے تو اسے اس شخص تک پہنچانے کا موثر طریقہ اختیار کیجیے اور بقیہ کوڑے کو اس احتیاط سے ٹھکانے لگائیے کہ یہ ناپسندیدہ انبار کسی کو نظر نہ آئے اور لوگ جان لیں کہ آپ تہذیب کی سیڑھی چڑھ کر بندروں سے آگے نکل چکے ہیں۔


Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?