Wednesday, October 19, 2022
کارخانے
کارخانے
کیا آپ کسی کارخانے میں کام کرنا پسند کریں گے جہاں کارخانے کے مالک کی کوئی خبر نہ ہو، ایک منتظم [سپروائزر] کارخانے کے سارے معاملات کا ذمہ دار ہو اور منتظم آپ کو بتائے کہ آپ کو کیا کام کرنے ہیں اور یہ بتائے کہ یہ سارے احکامات دراصل منتظم کے نہیں بلکہ کارخانے کے مالک کے ہیں؟ آپ چاہیں کہ مالک سے آپ کی براہ راست بات ہوجائے مگر ایسا ممکن نہ ہو۔ آپ کی بات صرف منتظم سے ہو سکے جو کارخانے کے مالک کی منشا آپ تک پہنچاتا ہو۔
اور ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ ایک ایسے کارخانے میں کام کریں جہاں مالک کی کوئی خبر نہ ہو اور کارخانے میں ایک سے زائد منتظمین ہوں۔ اور ان منتظمین کی آپس میں چپقلش ہو اور ہر منتظم کا دعوی ہو کہ کارخانے میں کام کیسے ہونا ہے اس کے احکامات صرف اسے مالک کی طرف سے موصول ہوئے ہیں۔
اور یوں بھی تو ممکن ہے کہ آپ ایک ایسے کارخانے میں کام کریں جہاں مالک کی کوئی خبر نہ ہو مگر کارخانے میں ایک کتاب موجود ہو جس کے بارے میں منتظم کا کہنا ہو کہ کارخانے کے مالک نے اپنی منشا اس کتاب میں لکھ دی ہے مگر جب آپ کتاب پڑھیں تو سر کھجاتے رہ جائیں کہ کیا احکامات دیے جارہے ہیں اور لامحالہ مالک کی مرضی جاننے کے لیے آپ کو منتظم کی مدد حاصل کرنا پڑَے۔
دنیا کے مذاہب ایسے ہی کارخانے ہیں۔