Sunday, July 04, 2021

 

مرغے کی موجودگی کے بغیر مرغیاں انڈے کیسے دیتی ہیں؟

 مرغے کی موجودگی کے بغیر مرغیاں انڈے کیسے دیتی ہیں؟

 


 

ہم نے مرحوم کو اپنی مرغیوں کی اعلی پیداواری صلاحیت کے بارے میں بتایا تو مرحوم نے استفسار کیا کہ مرغیاں تو پانچ بتا دیں تم نے، یہ بتائو کہ مرغے کتنے ہیں۔ ہم نے مرحوم کو بتایا کہ ہمارے پاس صرف مرغیاں ہیں، مرغا کوئی نہیں ہے۔ "تو پھر بغیر مرغے کے یہ انڈے کیسے؟ یہ انڈے تو ناجائز ہوئے۔"

ہمیں گاہے گاہے ایسے لوگ ملتے ہیں جو حیران ہوتے ہیں کہ ہماری مرغیاں بغیر کسی مرغے کی موجودگی کے، انڈے کیسے دی رہی ہیں؟ وہ نہایت سنجیدگی سے، اور معصومت سے سوال کرتے ہیں کہ آیا مرغیوں کے دانے میں کوئی ایسی دوا ملی ہے جس کی وجہ سے مرغیوں کو انڈے دینے کے لیے ازدواجی تعلقات کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ بلاگ پوسٹ اسی تذبذب کو ختم کرنے لیے لکھی جارہی ہے۔

وہ تمام جانور، چرند پرند جو نر اور مادہ کے خانوں میں بٹے ہوئے ہیں، مادہ جانور کا ایک خاص تولیدی نظام رکھتے ہیں۔ مادہ اپنے نظام تولید میں انڈے رکھتی ہے اور یہ انڈے ایک ایک کر کے خارج ہوتے ہیں۔ ہر ماہواری مدت [اس مدت کا اٹھائیس دن ہونا ضروری نہیں] میں ایک انڈہ تولیدی نظام سے نکلتا ہے اور نر مادے کے ملاپ کا انتظار کرتا ہے۔ اگر ماہواری مدت میں اس انڈے کے ساتھ نرمواد کا اشتراک ہوجائے تو انڈہ زرخیز ہوجاتا ہے اور اس انڈے سے بچہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ممالیا میں یہ زرخیز انڈہ مادہ کے تولیدی نظام کے اندر ہی موجود رہتا ہے اور بچے کے پورے طور پہ تیار ہونے کے بعد بچہ تولیدی نظام سے نکال کر دنیا میں آتا ہے۔ پرندوں اور کیڑوں میں انڈہ ماہواری مدت ختم ہونے کے بعد باہر آجاتا ہے اور زرخیز انڈہ باہر ہی بچہ سازی کی مدت پوری کرتا ہے۔ قصہ مختصر یہ کہ انڈہ زرخیز ہو یا نہ ہو، انڈہ ماہواری مدت پوری ہونے پہ جسم سے خارج ہوجاتا ہے۔ پرندوں اور کیڑوں میں سادہ یا زرخیز انڈہ ماہواری مدت ختم ہونے پہ جسم سے باہر نکل جاتا ہے جب کہ ممالیا میں صرف سادہ انڈہ ماہواری مدت پوری ہونے پہ جسم سے باہر خارج ہوتا ہے۔ ممالیا میں زرخیز انڈہ جسم کے اندر ہی رہتا ہے اور بچہ مکمل ہوجانے پہ بچے کا اخراج جسم سے ہوتا ہے۔

انسانوں کی ماہواری مدت اٹھائیس دن کے قریب ہے۔ یعنی ہر جوان عورت اٹھائیس دن میں ایک سادہ انڈہ ماہواری کی شکل میں جسم سے خارج کرتی ہے۔ اگر ان اٹھائیس دنوں کے اندر انڈہ نر مواد کے اشتراک سے زرخیز ہوجائے تو پھر بچے کی نشو نما اگلے نو ماہ تک مادہ کے جسم کے اندر ہی ہوتی ہے۔

مرغیوں کی 'ماہواری مدت' پچیس گھنٹے ہے یعنی ایک دن اور ایک گھنٹہ۔ ہر جوان مرغی پچیس گھنٹوں میں ایک انڈہ جسم سے خارج کرتی ہے۔ اگر مرغے کا ساتھ نہیں ہے تو یہ انڈہ سادہ رہے گا اور اگر مرغے کا ساتھ ہے تو یہ انڈہ زرخیز ہوجائے گا اور اس سے چوزہ بننے کا امکان ہوگا۔

ہمارے پاس صرف مرغیاں ہیں اس لیے ہماری مرغیاں جو انڈے دے رہی ہیں وہ سادہ ہیں، زرخیز نہیں ہیں۔

 


Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?