Monday, November 26, 2007
جوانی کی موت
کائنات کے سب رنگ زندگی سے ہیں۔ اور زندگی کا جشن جوانی ہے۔
پھر ہمارے سامنے کئی لوگ ایسے ہیں جو اس جشن کے شروع ہوتے ہی زندگی کا سفر ختم کر بیٹھے۔
میری گنتی میں تین، اور عینی اختر کی گنتی میں چھ ایسے پاکستانی نژاد امریکی نوجوان ہیں جو ایک رات سونے کے لیے لیٹے اور صبح نہیں اٹھے۔
یہ نوجوان اس طرح نیند کی آغوش سے موت کی گود میں کیسے پہنچ گئے؟ کیا ہم ان صدمات کو زندگی کے بھیانک اتفاقات کے طور پہ قبول کرلیں؟ ایسا کرنے کو دل نہیں مانتا۔ دل کہتا ہے کہ بات کی تہہ تک پہنچا جائے۔ اور ایسا اس لیے کیا جائے تاکہ دوسرے نوجوانوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں، کہ تحقیقات کے نتائج مشتہر کیے جائیں اور والدین کو خبردار کیا جائے کہ وہ اپنی جوان اولاد پہ نظر رکھیں، انہیں یوں آسانی سے دنیا سے رخصت نہ ہونے دیں۔
تو کیا کیا جائے؟
کیا یہ جائے کہ ہر متوفی نوجوان کے آس پاس لوگوں سے گفتگو کی جائے۔ متوفی کے قریبی دوستوں سے بات کی جائے اور جوانی کی موت کے اس راز کو پانے کی پوری کوشش کی جائے۔
یہ ہے عینی اختر اور میرا مشترکہ مشن۔
کیا آپ اس کار خیر میں ہمارا ساتھ دیں گے؟ کیا آپ کے علم میں ایسی خاص باتیں ہیں جن سے ان اموات کی وجوہات تک پہنچا جا سکتا ہے؟ کیا آپ کے علم میں ان چھ نوجوانوں کے علاوہ اس نوعیت کی دوسری پراسرار اموات بھی ہیں؟
برائے مہربانی ہمیں اپنے خیالات اور مشاہدات سے ضرور مطلع فرمائیں۔ اپنی کمیونٹی کی مدد کرنے پہ ہم آپ کے شکرگزار ہوں گے۔
Labels: young Pakistani-American men dying in sleep