Monday, June 04, 2007

 

آمریت کا ابھرتا اصل رنگ



پاکستان میں حکومت موجودہ سیاسی بحران سے اور عوام کی اس بحران سے بخوبی واقفیت پہ بوکھلائی نظر آتی ہے۔
ایک خبر کے مطابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے ایک پریس کانفرینس میں کہا ہے کہ بعض نشریاتی ادارے آزادی صحافت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور موجودہ حکومت اور فوج کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ خبر کے مطابق فوج کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر صاحب آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان کے دفاع میں اپنی جان کی قربانیاں دی ہیں، اس لیے فوج کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کوئی بھی صاحب عقل صاف دیکھ سکتا ہے کہ وزیر اطلاعات نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے کس قدر عمدہ نفسیاتی حربہ کھیلا ہے۔پاکستانی فوج کے ایک اچھے کردار کو دوسرے شرم ناک کردار سے گڈ مڈ کرنے کی کوشش کی ہے۔ وزیر اطلاعات سے کوئی پوچھے کہ میڈیا میں بھلا کس نےراشد منہاس یا عزیز بھٹی شہید کی عزت مٹی میں ملانے کی کوشش کی ہے، وہ تو عظیم لوگ تھے۔ تنقید تو ان جرنیلوں پہ کی جاتی ہے جو وقفے وقفے سے ملک کی سیاست میں ٹانگ اڑاتے ہیں اور ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیتے۔ یہ تو انتہائی حماقت کی منطق ہو گی کہ میجر طفیل محمد نے ۱۹۵۸ میں اپنی جان کی قربانی دی تھی اس لیے اب جرنل پرویز مشرف کی عزت کی جائے۔
بات اتنی ہے کہ اگر پاکستانی فوج کواپنی عزت کروانے کا شوق ہے تو وہ اپنا آئینی کردار پورا کرے اور ملک کی سیاست سے دور رہے۔

Comments: Post a Comment



<< Home

This page is powered by Blogger. Isn't yours?